لیفٹننٹ گورنرنجیب جنگ کو گرفتار کیا جائے: عام آدمی پارٹی

نئی دہلی:این ڈی ایم سی اسٹیٹ آفیسر ایم ایم خان کے قتل کیس میں دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیت جنگ پر آج سخت حملہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایجنٹ ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ انہیں فوراً استعفی دینا چاہئے اور انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے اے پی کے لیڈر راگھو چڈھا نے ایل جی پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی کے لیڈران کرن سنگھ تنور اور مہیش گیری کو بچا رہے ہیں ، یہ دونوں رمیش ککر سے وابستہ ہیں جو قتل کیس کا اصل ملزم ہے۔
آج شائع ہونے والی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایل جی نے ایم ایم خان کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی تھی، مسٹر راگھو چڈھا نے کہا کہ “لیفٹننٹ گورنر بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں اور انہیں فوری استعفی دینا چاہئے۔
انہیں قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار بھی کیا جانا چاہئے”۔عام آدمی پارٹی نے اس معاملے کی تفصیلی جانچ کا بھی مطالبہ کیا اور اس معاملے اپنا احتجاج درج کرایا کہ ایم ایم خان قتل کیس میں ایل جی کوئی کارروائی کیوں نہیں کررہے ہیں۔