یوگی نے وزیروں اور سکریٹریوں کو15روز کے اندراپنے اثاثہ جات کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت دی

لکھنؤ: اترپردیش حکومت نے بدعنوانی پر لگام کسنے کے لئے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے 15 دن کے اندر تمام وزراءکو منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں کابینہ کی یہاں ہوئی میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کو بھی اپنی جائیداد کو عام کرنا ہوگا۔ یوگی حکومت کے دو کابینہ وزراسدھارتھ ناتھ سنگھ اور شریکانت شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ بدعنوانی کو پوری طرح ختم کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔
یوگی حکومت بدعنوانی کو ختم کرنے اور قانون و انتظام کو چست درست رکھنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں مذبح اور کسانوں کا قرض معاف کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تعارفی ملاقات تھی۔کابینہ کی دوسری میٹنگ میں حکام سے بات چیت کرکے پوری منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام وزراءبی جے پی اور گٹھ بندھن کے 325 اراکین اسمبلیوں کے حلقوں میں جائیں گے اور مرکز اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کو نافذ کروائیں گے۔ کابینہ وزیر سریش کھنہ کی قیادت میں نئے ممبران اسمبلی کو تربیت دینے کے لئے ایک کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔

Title: aditya nath yogi asks his ministers to declare assets | In Category: ہندوستان  ( india )
Tags: