بی جے پی کی بے نظیر کامیابی 70سال تک مسلمانوں کو ٹھگنے والوں کے لیے سبق آموز: اویسی

کشن گنج (بہار): آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر او رحیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کو آزادی کے بعد ستر سال تک مسلمانوں کو ٹھگنے والے سیاسی پارٹیوں کے لئے بڑا سبق آموز بتایا ہے۔ مسٹر اسدالدین اویسی نے بہار کے شہر کشن گنج میں یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیشہ ان پر اور ان کی پارٹی پر انتخابات کے وقت بی جے پی کو مدد پہنچانے کا الزام لگتا ہے لیکن وہ سیکولرازم کا درس دینے اور ڈھنڈھورا پیٹنے والے لیڈروں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اتراکھنڈ اور اڑیسہ میں کون اویسی اور ان کی پارٹی تھی جہاں سیکولر پارٹیوں کی کمر ٹوٹ گئی۔
اے آئی ایم آئی ایم کے لیڈر نے کہا کہ سچر کمیٹی کی رپورٹ مسلمانوں کی حقیقی حالت زار کی پول کھولنے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کے اترپردیش کے وزیر اعلی بننے پر کہا کہ کوئی بھی وزیر اعلیٰ بنے لیکن سب کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر اویسی نے کہا کہ ایک روزسیمانچل کے عوام ضرور جاگیں گے اور ان کو مکمل حمایت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیمانچل ان کا دوسرا گھر ہے۔ اس لئے وہ سیلاب ہو یا کوئی اور آفت، ہر وقت سیمانچل کے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی صدر اخترالایمان سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔

Title: development a mere slogan for bjp owaisi | In Category: ہندوستان  ( india )