نائب صدر جمہوریہ حامدانصاری نے راجیہ سبھا کو الوداع کہا

نئی دہلی:راجیہ سبھا کے چیئرمین حامد انصاری نے پرجوش اور شاعرانہ انداز میں آج ایوان کو الوداع کہتے ہوئے تعاون، احترام اور اعتماد کے لئے ایوان کے لیڈر، حزب اختلاف کے رہنما، تمام جماعتوں کے اہم رہنماؤں اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
مسٹر انصاری نے ایوان میں دو گھنٹے تک الوداعی تقریروں کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ” آؤ چلیں کہ اب فسانہ ختم ہوتا ہے، عاشقی بھی ختم ہوتی۔۔“ انہوں نے اپنے دس سالہ مدت کار میں تعاون، احترام اور بھرپوراعتماد کے لئے ایوان کے رہنماؤں، اپوزیشن کے لیڈروں، جماعتوں کے رہنماؤں اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تئیں اظہار تشکربھی کیا۔
انہوں نے راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری شمشیر کے شریف اور دیگر عملے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین نے اپنی تقریر کے آخر میں”جے ہند“کہا اور اپنے مقام پر کھڑے ہوکر دونوں ہاتھ جوڑ کرسب کوسلام کیا۔پورا ایوان ان کے اعزاز میں کھڑا ہو گیا۔ اس کے بعد مسٹر انصاری اپنے کمرے کی طرف جانے لگے تو ایوان کے زیادہ تر رکن ان کے ساتھ چلے گئے۔

Title: hamid ansaris farewell speech | In Category: ہندوستان  ( india )