مودی نے 15 اگست کے خطاب کیلئے عوام سے پھر مشورے مانگے

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے یوم آزادی کے موقع پر ملک کو کئے جانے والے خطاب کیلئے ایک بار پھر لوگوں سے مشورے دینے کی اپیل کی ہے۔ مسٹر مودی اس بار 15 اگست کو لال قلعہ سے چوتھی مرتبہ ملک سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ یوم آزدی کے موقع پر قوم کے نام خطاب کیلئے اپنے مشورے بھیجیں۔ انہوں نے یہ مشورے نریندر مودی ایپ پر بھیجنے کیلئے کہا ہے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ خطاب کیلئے ایپ پر جو مشورے ملے ہیں، وہ مختلف اور معلوماتی ہیں۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی نے عوام سے بات چیت کے اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں بھی اس بار 30 جولائی کے خطاب میں لوگوں سے یوم آزادی کے خطاب کیلئے مشورے مانگے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ لال قلعہ کی فصیل سے ملک سے خطاب کے وقت میں صرف ایک ذریعہ ہوں اور یہ ایک شخص نہیں بلکہ ملک کے 125 کروڑ عوام کی آواز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران انہیں ملک کے ہر حصے سے خطاب کیلئے مشورے ملے تھے جن میں خطاب کے بہت طویل ہونے کی شکایتیں بھی تھیں۔ مسٹر مودی نے اس بار اپنی تقریر چھوٹی رکھنے کی بات کہی ہے۔

Title: modi seeks suggestions for august 15 speech | In Category: ہندوستان  ( india )
Tags: ,