راجیہ سبھا غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

نئی دہلی: راجیہ سبھا کا مانسون اجلاس جمعہ کے روز غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ نو منتخب چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے جنہوں نے آج ہی عہدہ سنبھالا اس اجلاس کے دوران ہوئے کام کاج کی تفصیلات پیش کیں اور اس کے بعد ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ چیئرمین حامد انصاری کی مدت کار مکمل ہونے کے بعد کل انھیں الوداعیہ دیا گیا۔ مسٹر نائیڈ ونے بتایا کہ مانسون اجلاس 17 جولائی سے شروع ہوا تھا اور اس دوران ایوان کی 19 نشستیں ہوئیں جن میں 13 بل پیش کئے گئے۔
ان میں سے 9اہم بل منظور کئے گئے اور تین بل واپس لئے گئے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ اہم مسائل پر بھی بحث ہوئی۔ ایوان میں مجموعی طور پر 80 گھنٹے بحث ہوئی۔ اس دوران 11 دن وقفہ سوال ہوا۔ 87 خصوصی تذکرہ ، عوامی اہمیت کے حامل تین موضوعات پر مختصر بحث ہوئی۔ دو بل سلیکٹ کمیٹی کو بھیجے گئے۔ ایوان کے دو نئے اراکین نے بھی رکنیت کا حلف لیا جبکہ 10 کو الوداعیہ دیا گیا جن میں سیتا رام یچوری، دلیپ بھائی پانڈیا، ڈی بندوپادھیائے وغیرہ شامل ہیں۔

Title: rajya sabha adjourned sine die | In Category: ہندوستان  ( india )