دیوالی کے موقع پر وزارت داخلہ کی ملک گیر پیمانے پر سیکورٹی اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت

نئی دہلی:(یواین آئی)وزارت داخلہ نے دیوالی کے پیش نظر دہشت گردانہ حملوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ملک بھرمیں سکیورٹی ایجنسیوں کو چوکس رہنے کو کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں نے تہواروں کے موقع پر خصوصی طورپر دیوالی پر دہشت گردانہ حملوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلائے جانے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
وزارت نے سبھی ریاستوں کو جاری مشورے میں کہا ہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر دیوالی پربازار اور عام مقامات پر بھیڑ بھاڑ کا فائدہ اٹھاکر اپنے ناپاک ارادوں کو انجام دینے کی کوشش میں ہیں۔ وزارت نے ریاستی حکومتوں کو کہا ہے کہ وہ سکیورٹی ایجنسیوں کو پوری طرح تیار اور چوکس رکھیں جس سے کہ بدامنی پھیلانے والی کسی بھی کوشش کو ناکام کیا جاسکے۔
اس نے مرکزی ایجنسیوں کو بھی صورت حال پر سخت نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ریاستوں سے کسی بھی اچانک افتاد سے نمٹنے کےلئے ہر ممکن احتیاط رکھنے کو بھی کہا گیا ہے۔ آج سے اگلے چار دن یعنی بھیا دوج تک ملک کے بازاروں اور عام مقامات پر شدید بھیڑ بھاڑ رہتی ہے۔

Title: home ministry issues alert on the occasion of diwali | In Category: ہندوستان  ( india )
Tags: , ,